NowNews.pk | 24/7 News Network

گندم کی امدادی قیمت میں 200 روپے اضافے کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گندم کی امدادی قیمت میں اضافے، بجلی ٹیرف اور بجلی کمپنیوں کو ادائیگی سمیت ملکی معیشت سے متعلق اہم فیصلے کرلیے۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے امورِ خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا، جس میں گندم کی امدادی قیمت میں 200 روپے اضافے کی منظوری دے دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق ای سی سی کی منظوری کے بعد نئی امدادی قیمت 1600 روپے فی من ہوگئی ہے، جو اس سے قبل 1400 روپے مقرر تھی۔

اجلاس کے شرکاء کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2010ء کے بعد سے اب تک 4 مرتبہ گندم کی امدادی قیمت پر نظر ثانی کی گئی ہے۔

ای سی سی اعلامیے کے مطابق اس موقع پر پاور ڈویژن کے 50 فیصد ٹیرف سبسڈی فرق کے اجراء کی بھی منظوری دے دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ پاور ڈویژن کو دیے جانے والے 65 ارب 80 کروڑ روپے بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کو دیے جائیں گے۔

اس موقع پر صنعتوں کو اضافی بجلی 12 اعشاریہ 96 روپے فی یونٹ پر فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس کے شرکاء کو ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ڈی سی پی) نے گندم کی درآمد پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ جنوری 2021ء تک ادارہ 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرلے گا۔

ای سی سی اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزارتِ فوڈ سیکیورٹی کی درخواست پر گندم کی درآمد کا حجم 15 لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھا کر 18 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق روس سے حکومتی سطح پر 3 لاکھ ٹن گندم کی درآمد کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اور ساتھ ہی وزارتِ فوڈ کی روس سے مزید 3 لاکھ 20 ہزار ٹن گندم درآمد کی تجویز کی توثیق کی گئی۔

دیگر خبریں

لوڈنگ ۔۔۔