NowNews.pk | 24/7 News Network

کیا آئمہ بیگ اور شبہاز شگری شادی کررہے ہیں؟

گلوکارہ آئمہ بیگ کا شہباز شگری سے قریبی دوستی کی افواہوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا ہے کہ تھوڑی بڑی ہوجائیں تو شادی کا سوچیں گی۔

سوشل میڈیا پر تو آئمہ بیگ کے اور شہباز شگری کے تعلقات کا خوب چرچا تھا تاہم حالیہ اپنے ایک انٹرویو میں گلوکارہ نے ان تمام افواہوں کو درست قرار دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ اور شہباز شگری اچھے دوست ہیں اور مستقبل میں شادی کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔

انٹرویو میں گلوکارہ نے شہباز شگری سے دوستی کے حوالے سے کھل کر بات کی اور پہلی ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ ’میری اور شہباز کی پہلی ملاقات اس وقت ہوئی جب میں فلم ’پرے ہٹ لو‘ کے لیے گانا ریکارڈ کررہی تھی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’مجھے شہباز شگری کے ساتھ کام کرکے اچھا محسوس ہوا، شہباز بہت پرسکون انسان ہیں، میں نے انہیں کبھی لڑتے ہوئے یا کسی سے الجھتے ہوئے نہیں دیکھا اور مجھے کسی بھی مرد میں انہیں خصوصیات کی تلاش تھی۔‘

باقاعدہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے سوال پر گلوکارہ نے بتایا کہ’ بس مجھے تھوڑا بڑا ہونے دیں، پھر شادی کا سوچوں گی۔‘

خیال رہے کہ آئمہ بیگ گلوکاری کے میدان میں اپنا لوہا منوا چکی ہیں جبکہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے شہباز شگری ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ اداکاری بھی کرتے ہیں، شہباز شگری کی شادی اداکارہ عائشہ لینیا سے ہوئی تھی تاہم ان کے درمیان جون 2018 میں طلاق ہوگئی۔

مذکورہ انٹرویو میں ہی 25 سالہ آئمہ بیگ نے اپنی زندگی کی محرومیوں پر بھی بات کی اور بتایا کہ ان کی زندگی کا سب سے بڑا نقصان والدہ کی موت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ کینسر کی مریضہ تھیں جو مسلسل 6 سال اس موذی مرض سے نبردآزما رہیں۔

آئمہ نے بتایا کہ والدہ نے اپنی بیماری کے دوران ہمیں کبھی بھی احساس نہیں ہونے دیا کہ وہ کتنی تکلیف میں ہیں۔

انہوں نے کہا ’میں نے انہیں کیموتھراپی کے تکلیف دہ عمل سے گزرتے دیکھا ہے جس میں انہوں نے اپنے بال کھودئیے لیکن وہ پھر بھی مسکراتی رہیں۔‘

گلوکارہ نے کہا کہ ’کاش کہ میں اپنی والدہ کو اس بیماری سے نکال سکتی اور ان کے لیے وہ سب کچھ کر سکتی جو ان کی خواہش تھی۔‘

دیگر خبریں

لوڈنگ ۔۔۔