NowNews.pk | 24/7 News Network

کورونا پر سیاسی قائدین کو بریفنگ کا مطالبہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وائرس کی مقامی آبادی میں منتقلی اور مقامی حالات کے مطابق وائرس کے شکلیں تبدیل کرنے کا پہلو تشویشناک ہے وائرس کے طبی پہلووں کے حوالے سے بھی قومی سطح پر کوئی نظام وضع کرنے کی اشد ضروری ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود پی ایم ڈی سی کو بحال نہ کرنا افسوسناک ہے۔ ٹیسٹنگ، اسکریننگ کے لئے فوری طورپر واضح طریقہ کار، معیارات بنائے جائیں، وائرس پھیل رہا ہے ایسے میں کسی واضح پالیسی کا نہ ہونا خطرناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا متاثرین کی بڑھتی تعداد کے باوجود اب تک ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو حفاظتی لباس نہیں پہنچایا گیا جس پر شدید تشویش ہے۔ ڈیزیز سرویلنس کا نظام جلد از جلد قائم کیا جائے بصورت دیگرخدانخواستہ صورتحال ہاتھ سے نکل جائے گی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ انتظامی اقدامات کے ساتھ ساتھ مستقبل کی حکمت عملی کے لئے بڑے خاکے کو بھی ذہن میں رکھنا ہوگا۔ پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی کے فورم پر سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی بریفنگ دی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اجتماعی کاوشوں کے لئے سب کی تجاویز سے ملک اور قوم کو خطرات سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔ جیلوں میں کورونا سے بچاو کے فوری اور موثر انتظامات کئے جائیں۔

مسلم لیگ ن کی رہنما کا کہنا ہے کہ چین سے کورونا کے خلاف امداد کی دوسری قسط پر چین کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں چین کی طرف سے حفاظتی لباس، ماسک، سکینر اور ٹیسٹنگ کاسامان کورونا کے خلاف جنگ میں مددگار ثابت ہوگا۔

دیگر خبریں

لوڈنگ ۔۔۔