NowNews.pk | 24/7 News Network

کرنٹ اکاؤنٹ مسلسل دوسرے ماہ بھی سرپلس ہوگیا

پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ رواں مالی سال مسلسل دوسرے ماہ بھی سرپلس ہوگیا- اگست میں کرنٹ اکاؤنٹ انتیس کروڑ ستر لاکھ ڈالر جبکہ جولائی اور اگست میں مجموعی طور پر اسی کروڑ پچاس لاکھ ڈالر سرپلس ریکارڈ کیا گیا۔

ترسیلات زر میں اضافے اور درآمدات میں کمی کے نتیجے میں اگست میں کرنٹ اکاؤنٹ انتیس کروڑ پچاس لاکھ ڈالر سر پلس رہا۔ جبکہ اگست دو ہزار انیس میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ساٹھ کروڑ دس لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا-

اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ جولائی اور اگست کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ اسی کروڑ پچاس لاکھ ڈالر سرپلس رہا جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ایک ارب اکیس کروڑ چالیس لاکھ ڈالر تھا- حکام کے مطابق ایک سال سے بھی کم عرصے میں کرنٹ اکاؤنٹ چوتھی بار سرپلس رکارڈ کیا گیا-

گذشتہ ایک سال کے دوران پہلی بار اکتوبر دوہزار انیس میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوا تھا اس کے بعد مئی دو ہزار بیس میں کرنٹ اکاؤنٹ ایک کروڑ تیس لاکھ ڈالر سرپلس رہا تھا جبکہ اس کے بعد جولائی اور اب اگست بھی کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہا-یاد رہے کہ موجودہ حکومت کے پہلے دو مالی سال میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں سولہ ارب بائیس کروڑ ڈالر سے زائد کی کمی ہوئی-

موجودہ حکومت نے دو ہزار اٹھارہ میں اقتدار سنبھالا تو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح انیس ارب انیس کروڑ پچاس لاکھ ڈالر تھا جو کم ہو کر مالی سال دو ہزار بیس میں دو ارب ستانوے کروڑ ڈالر رہ گیا- اب رواں مالی سال مسلسل پہلے دو ماہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہا-

دیگر خبریں

لوڈنگ ۔۔۔