رپورٹ: محمد اسرار، بیورو چیف پشاور خیبرپختونخوا
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ میں سی ٹی ڈی پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلہ۔ دو پولیس اہلکار زخمی
ٹانک روڈ پر ظفر آباد کالونی کے علاقہ میں سی ٹی ڈی پولیس اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہو ا جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی پولیس کے ڈی ایس پی اور ایک نسٹیبل زخمی ہو گئے جبکہ واقعہ میں ملوث دہشت گرد قریبی جنگل کا فائدہ لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق محرم الحرام میں سیکورٹی کے شدید خطرات اور انٹیلیجنس کی بنیاد پر سی ٹی ڈی نے ٹانک روڈ پر ایک مکان میں دہشت گردوں کی اطلاع پر کارروائی کا آغاز کیا تو مکان میں موجود دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کر دی جس میں ڈی ایس پی جلیل خان وزیر اور کانسٹیبل رفیع اللہ شدید زخمی ہو گئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈی ایس پی کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کر دیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع کے بعد پولیس کی بھاری نفری، بم ڈسپوزبل سکواڈ، پاک فوج اور ریسکیو 1122 جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جہاں آپریشن کرتے ہوئے علاقہ کو کلیئر قرار دے دیا گیا جب کہ اس دوران دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔