سکھر (رپورٹ ناصر آرائیں) ایف آئی اے سکھر میں جعلی بھرتیوں کا انکشاف ،ایک اے ایس آئی کی بھرتی جعلی نکلی ،اے ایس آئی سمیت تین ملزمان کے خلاف جعلسازی کرنے پر مقدمہ درج ،اے ایس آئی اور اس کا ایک سہولت کار گرفتار ،ٹیسٹنگ ادارے کو بھی شامل۔تفتیش کرلیا گیا
فیڈرل انویسٹی گیشن اتھا رٹی (ایف آئی اے ) سکھر میں جعلی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے اور محکمے کےایک اے ایس آئی شان حیدر شاہ جوکہ ایک سال تک ادارے سے مراعات اور تنخواہیں تک لیتا رہا ہے کی بطور اے ایس آئی بھرتی ہی جعلی نکلی ہے جس کی تحقیقات کے دوران بھرتی جعلی نکلنے پر ایف آئی اے نے مذکورہ اے ایس آئی شان حیدر شاہ اور اس کے دو ساتھیوں شفیق سومرو اور علی حیدر شاہ جو معروف ٹیسٹنگ ادارے کے ملازم ہیں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جس میں بتایاگیاہے کہ مذکورہ ٹیسٹنگ ادارے اوپی ایس جسے ایف آئی اے میں بھرتی کے لیے تحریری ٹیسٹ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی کے دونوں اہلکاروں نے ملزم اے ایس آئی کے ساتھ مل کر جعلسازی کی اور اسے پاس دکھا دیا جس کا شک ہونے پر تفتیش کی گئی تو ملزم اے ایس آئی کے تمام کاغذات بشمول تحریری ٹیسٹ رپورٹ بھی جعلی نکلی جس پر اے ایس آئی اور دونوں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا اور اے ایس آئی اور اس کے ایک سہولت کار کو گرفتار کرلیا ہے اور مذکورہ ٹیسٹنگ ادارے کو بھی شامل تفتیش کرلیا ہے