NowNews.pk | 24/7 News Network

صبا قمر اور بلال سعید کی عبوری ضمانتیں منظور

لاہور کی سیشن عدالت نے مسجد وزیر خان میں مبینہ رقص کی عکس بندی کے کیس میں اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی عبوری درخواست ضمانتیں منظور کرلیں۔

سیشن عدالت میں ایڈیشنل سیشن جج چوہدری قاسم علی نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ عدالت دونوں ملزمان کی عبوری درخواست ضمانتیں کنفرم کرتی ہے۔ عدالت نے کہا کہ جزا اور سزا کا فیصلہ ٹرائل میں ہوگا۔

صباء قمر اور بلال سعید نے کمرہ عدالت میں پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔

اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے خلاف مسجد وزیر خان میں شوٹنگ کرنے پر تھانہ اکبری گیٹ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

صبا قمر کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اداکارہ بے قصور ہیں مسجد کے تقدس کو پامال نہیں کیا گیا، جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ مدعی کی جانب سے پولیس کو سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو فراہم نہیں کی گئی۔

اس سے قبل عدالت نے دونوں ملزمان کو 3 ستمبر کو عدالت میں روبرو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو ان کی گرفتاری سے روک دیا تھا۔

عدالت نے صبا قمر اوربلال سعید کو 50،50 ہزار روپےکے مچلکے جمع کرانےکاحکم دیتے ہوئے 25 اگست کوتھانہ اکبری گیٹ پولیس سے رپورٹ طلب کی تھی۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں اداکارہ صبا قمر اور اداکار بلال سعید کے ایک گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دونوں فنکار لاہور کی مسجد وزیر خان میں موجود تھے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی دونوں فنکاروں کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور تھانہ اکبری گیٹ میں دفعہ 295 کے تحت دونوں کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا گیا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہےکہ اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید نے مسجد کا تقدس پامال کیا لہٰذا ان دونوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ بلال سعید اور صبا قمر کا گانا ’قبول‘ 12 اگست کو ریلیز ہوا جس میں لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان میں فلمائے گئے مناظر شامل نہیں کیے گئے۔

دیگر خبریں

لوڈنگ ۔۔۔