NowNews.pk | 24/7 News Network

کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا گیا، شرجیل گوپلانی

آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے صدر شرجیل گوپلانی کا کہنا ہے کہ حکومت نے کراچی کی عوام اور بالخصوص تاجر برادری کو بہت مایوس کیا ہے، سب نے کراچی کی بہتری کے لیے کوئی کردار ادا کرنے کے بجائے صرف سیاست کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کراچی کی عوام جانوروں سے بدتر زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ نا صرف کراچی بلکہ انتظامی طور پر پورے ملک میں دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح نئے صوبے بنائے جائیں۔

شرجیل گوپلانی نے ایڈمنسٹریٹرز کے تقرر میں تاجر برادری سے تعلق رکھنے والے اچھی شہرت کے حامل تاجروں کو شامل کرنے کی اپیل کی۔

آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کا ہنگامی اجلاس صدر شرجیل گوپلانی کی زیرصدارت ہوا جس میں کراچی کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور اور حکومتی اراکین و انتظامیہ کی بے حسی یربحث کی گئی۔

ایسوسی ایشن کے صدر شرجیل گوپلانی کا کہنا تھا کہ آبادی کے لحاظ سے دنیا کے شہروں کی درجہ بندی کی جائے تو جاپان کے شہر ٹوکیو جس کی آبادی پونے چار کروڑ نفوس پر مشتمل ہے اس کے بعد ساڑھے تین کروڑ آبادی کے ساتھ کراچی دوسرے نمبر پر ہے اس کے بعد تیسرے نمبر پر دہلی تین کروڑ آبادی کا حامل ہے۔ گوکہ مخصوص مفادات جس میں سرفہرست کراچی کے حقوق کو غصب کرنا ہے‘ اس کی آبادی سرکاری طور پر کہیں کم دکھائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے زیادہ ریونیو اکھٹا کرکے ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کہلانے والے اس شہر سے اب تک اس ملک کے حکمرانوں نے وفا نہیں کی۔ اس کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا گیا اور گزرتے وقت کے ساتھ اس کا انفرااسٹرکچر تباہ کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام تر ٹیکسوں کی ادائیگی کے باوجود اس شہر کے باسی پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں‘ دوسری طرف سیوریج کا نظام تباہ حال ہے اور پورے شہر میں گٹر ابل رہے ہیں۔ صفائی کا کوئی نظام نہیں۔ پورے شہر میں کچرے کے ڈھیر لگے ہیں کوئی سڑک سلامت نہیں۔ برساتی نالے سالوں سے صاف نہیں کئے گئے اور کچرے سے بھرے ہیں جس کے باعث مون سون کی بارشوں میں پورا شہر ڈوب گیا۔

انہوں نے کہا کہ پورے شہر میں ٹرانسپورٹ کا کوئی نظام موجود ہی نہیں۔ امن و امان کی صورتحال ابتر ہے‘ اسٹریٹ کرائم کا جن قابو سے باہر ہے لیکن حکومت سندھ سب اچھا ہے کا راگ الاپتے ہوئے شہر کے تمام ترقیاتی کاموں پر ہاتھ صاف کرگئی اور بڑی بے شرمی اور ڈھٹائی سے کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کرگئی۔

دیگر خبریں

لوڈنگ ۔۔۔