NowNews.pk | 24/7 News Network

پاکستانی سائنس دان خاتون امریکی یونیورسٹی میں ڈین مقرر

پاکستانی نژاد امریکی ماہرِ فلکیات نرگس ماول والا کو دنیا کے ممتاز سائنسی ادارے میسا چیوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) میں کلیہ سائنس کی ڈین مقرر کیا گیا ہے جو بلاشبہ نرگس اور پاکستان کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ نرگس کرٹس اینڈ کیتھلین ماربل پروفیسر برائے فلکی طبیعیات ہیں،وہ لیزرانٹرفیرو میٹر گریوٹیشنل ویو آبزرویٹری( لائگو) سے وابستہ رہیں اور اس گروپ کو ثقلی امواج کی دریافت پر نوبیل انعام سے بھی نوازا گیا۔ نرگس اس سال یکم سمتبرکو بحیثیت ڈین اپنے فرائض سنبھالیں گی۔ اس سے قبل وہ 2015ء سے شعبہ طبیعیات کی معاون سربراہ بھی ہیں۔

ایم آئی ٹی کے سربراہ رافیل رائف نے نرگس کی مدح میں کہا کہ وہ جس معیار کی محقق اور معلم ہیں وہ ان کی شخصیت میں خود بولتا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ نرگس میں وہ تمام اوصاف موجود ہیں جو انہیں ایک رہنما اور ڈین بناتے ہیں. نرگس مسائل حل کرنے کی غیرمعمولی صلاحیت رکھتی ہیں، مجھے امید ہے کہ نرگس کی صورت میں اسکول آف سائنس بہت ذمے دار ہاتھوں میں رہے گا۔

شعبہ طبیعیات سے وابستگی کے دوران نرگس نے پانچ سال میں بہت اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے پی ایچ ڈی کی ضروریات اور امتحانات کو آسان اور قابلِ لچک بنایا۔ دوسری جانب علم کے فروغ کے لیے انہوں نے آن لائن پلیٹ فارم کی تشکیل کی۔ علاوہ ازیں اساتذہ اور طالب علموں کو قریب لانے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔نرگس ماولوالا 2002ء سے میسا چیوسٹس انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ ہیں تاہم انہیں عالمی شہرت کشش ثقل کی لہروں کا پتا لگانے کے لیے ایک پروٹو ٹائپ لیزر انٹرفرومیٹر بنانے کے بعد ملی تھی۔

دیگر خبریں

لوڈنگ ۔۔۔