NowNews.pk | 24/7 News Network

پارلیمنٹ حملہ کیس، وزیرِاعظم عمران خان بری

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیرِ اعظم عمران خان کی بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں مقدمے سے بری کر دیا۔

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج نے محفوظ کیا گیا فیصلہ آج سنا دیا۔

عدالت کی جانب سے دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مقدمے کے دیگر ملزمان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی شامل ہیں تاہم صدارتی استثنیٰ حاصل ہونے کے باعث ان پر مقدمہ نہیں چلایا جائے گا۔

وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر، شفقت محمود، صوبائی وزیر علیم خان اور جہانگیر ترین بھی مقدمے میں ملزم نامزد ہیں۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے وزیرِ اعظم عمران خان کی مقدمے سے بریت کی درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے وکیل نے بریت کی درخواست پر تحریری دلائل جمع کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان کو جھوٹے اور بےبنیاد مقدمے میں پھنسایا گیا۔

وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں، نہ ہی کسی گواہ نے ان کے خلاف بیان دیا، یہ سیاسی مقدمہ ہے جس میں سزا کا کوئی امکان نہیں اس لیے انہیں بری کیا جائے۔

پراسیکیوٹر نے عمران خان کے وزیرِ اعظم بننے سے قبل درخواست کی مخالفت کی تھی جبکہ وزیرِ اعظم بننے کے بعد حمایت کر دی اور کہا کہ اگر عمران خان کو بری کر دیا جائے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں کیونکہ یہ سیاسی طور پر بنایا گیا مقدمہ ہے جس سے کچھ نہیں نکلنا اور صرف عدالت کا وقت ضائع ہو گا۔

عمران خان اس مقدمے میں اشتہاری رہ چکے ہیں اور وہ بریت سے قبل ضمانت پر تھے۔

دیگر خبریں

لوڈنگ ۔۔۔