رپورٹ : ناصر آرائیں ، سکھر
پنوعاقل میں پنجاب پولیس سے مقابلے میں 2 مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے، سندھ پولیس نے پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو حراست میں لے لیا۔
سندھ پولیس زرائع کے مطابق پنجاب پولیس نے پنوعاقل میں خفیہ اطلاع پر مبینہ دہشتگردوں کو پکڑنے کیلئے کارروائی کی ہے جس میں دو مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں۔ ملزمان کی شناخت سعید اور ہاشم کے نام سے ہوئی ہے، ہلاک ہونے والے سعید کا تعلق شیخوپورہ اور ہاشم کا تعلق فیصل آباد سے بتایا جاتا ہے۔
اہل علاقہ کی اطلاع پر سندھ پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور پنجاب پولیس کے 6 اہلکاروں کو حراست میں لیکر تھانہ پنوعاقل منتقل کردیا۔ حراست میں لئے جانے والے پولیس اہلکاروں کا تعلق سی ٹی ڈی پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔
سندھ پولیس زرائع کے مطابق حراست میں لئے گئے پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے ابتدائی تفتیش میں بتایا ہے کہ وہ خفیہ اطلاع پر دہشتگردوں کو گرفتار کرنے پنوعاقل آئے تھے جن میں سے دو دہشتگرد مقابلے میں مارے گئے ہیں۔
زرائع کے مطابق پنجاب پولیس نے ایس او پی کو فالو نہیں کیا اور کارروائی سے قبل سندھ پولیس کو کوئی اطلاع نہیں دی اس لیے انہیں قانون کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کرکے مکمل تفتیش کی جارہی ہے تاہم اس حوالے سے سندھ پولیس کے کسی افسر کا موقف تاحال سامنے نہیں آسکا ہے۔