رپورٹ : ناصر آرائیں، سکھر
سکھر میں چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات، دو ہزار سے زائد پولیس و رینجرز کے جوانوں نے فرائض انجام دئیے، 16 سے زائد چھوٹے بڑے ماتمی جلوس نکالے گئے۔
ملک بھر کی طرح سکھر ضلع میں بھی نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے رفقاء کار کا چہلم نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر ضلع بھر میں 16 سے زائد چھوٹے بڑے ماتمی جلوس نکالے گئے۔
اس موقع پر سکھر انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔ دو ہزار سے زائد پولیس اور 300 سے زائد رینجرز کے جوانوں کو سیکیورٹی کے فرائض تفویض کیے گئے۔ سکھر ضلع میں نکلنے والے ماتمی جلوسوں میں سے ایک کو انتہائی حساس اور 3 کو حساس قرار دیا گیا۔
ماتمی جلوسوں کے علاوہ 28 مجالس عزا بھی ہوئیں جن سے علمائے کرام و ذاکرین نے خطاب کرتے ہوئے واقعہ کربلا اور اسکے بعد اہل بیت کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
سکھر شہر میں چہلم کا مرکزی جلوس مرکزی امام بارگاہ غریب آباد سے شروع ہوا جس میں شہر کے دیگر علاقوں سے نکالے جانےوالے چھوٹے بڑے ماتمی جلوس بھی شامل ہوئے یہ جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا رات گئے واپس مرکزی امام بارگاہ غریب آباد پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ روہڑی میں چہلم کا ماتمی جلوس کربلا میدان سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا بولن شاہ محلہ میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔