NowNews.pk | 24/7 News Network

دہشتگردی کا خطرہ ، PSO انتظامیہ کی کیماڑی آئل انسٹالیشن ایریا میں مجرمانہ غفلت

کراچی (رپورٹ : گل محمد ماموند )بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے دہشت گردی کے شدید خطرات کی ISPR کی نشاندہی کے باوجود پاکستان اسٹیٹ آئل انتظامیہ کا کیماڑی آئل انسٹالیشن ایریا اور تیل تنصیبات کی فول پروف سیکورٹی انتظامات موثربنانے سے گریز ،گزشتہ ماہ آئل انسٹالیشن ایریا کے مرکزی گیٹ کے قریب شیرین جناح کالونی میں موٹر سائکل بم بلاسٹ کی کاروائی کے باوجود PSOانتظامیہ کی بے حسی برقرار ،باخبر ذرائع کے مطابق کیما ڑی آئل انسٹالیشن ایریا میں اربوں روپے کی لاگت سے تنصیب کردہ پائپ لائنوں کے ناقص حفاظتی انتظامات

 اس حساس ترین علاقے کے لیے سیکورٹی رسک بن گئے ہیں جبکہ دہشت گردی کی صورت میں لاکھوں انسانی جانوں کو بدترین خطرات لاحق ہیں ،پی ایس او ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل تنصیبات کی حفاظت کے لیے جو انتظامات کئے گئے ہیں وہ نہ صرف ملکی قوانین کے مطابق نہیں بلکہ عالمی معیار کو بھی پورانہیں کرتے ،PSO کی بے حسی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے پائپ لائنوں کے مرمتی امور کا ٹھیکہ نجی ٹھیکدار کمپنیوں کو دے رکھا ہے جو ناتجربہ کار کنٹریک ملازمین کے ذریعے مرمتی امور کی انجام دہی کراتے ہیں پی ایس او کی بے حسی کامزید اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ نجی ٹھیکدار کمپنیوں کی جانب سے یومیہ اجرت اور کنٹریکٹ ملازمین کو فائر پروف لباس اور دیگر ضروری حفاظتی آلات کی عدم فراہمی کے باوجود PSOانتظامیہ نے کبھی بھی ان نجی ٹھیکدار کمپنیوں کے خلاف کوئی تادیبی کاروائی نہیں کی ،سب سے اہم ترین پہلو یہ ہے کہ تیل تنصیبات اور پائپ لائنوں کے مرمتی امور کے وقت ایل ای ایل ڈیوائس کا استعمال قانونی اور تکنیکی لحاظ سے ناگزیر ہے مگر اس کے باوجود نجی ٹھیکدار کمپنیا ں ناتجربہ کار ملازمین کو یہ ڈیوائس بھی فراہم نہیں کرتیں۔ ISPRکی جانب سے حالیہ انکشافات میں بھارتی خفیہ ایجنسی را اور ان کی آلہ کار تنظیموں کے حوالے سے اس بات کی واضح نشاندہی کی جاچکی ہے جبکہ اس بات کا انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ غیر ملکی قوتوں کی آلہ کار تنظیموں کی جانب سے دہشت گردی کے حوالے سے آئندہ دو ماہ شدید خطرات موجود ہیں ،آئی ایس پی آر کی اس واضح نشاندہی کے باوجود PSOانتظامیہ کی جانب سے کیماڑی آئل انسٹالیشن ایریا اور تیل تنصیبات کے لیے حفاظتی انتظامات کو مزید موثر بنانے کے اقدامات سے گریز کرنا اس خدشہ کو بھی جنم دے رہاہے کہ کہی PSOانتظامیہ میں کالی بھیڑیں یا دہشت گردوں کے سہولت کار تو موجود نہیں ۔ایک دن کی مہلت کے باوجود PSO انتظامیہ موقف پیش نہ کرسکی کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایک دن گزرنے کے باوجود PSOانتظامیہ موقف نہ دے سکی ،دو روز قبل نمائندہ اوصاف نے کارپوریٹ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان نائلہ خاتون کو موقف جاننے کے لیے ان کے واٹس ایپ نمبر پر سوالات ارسال کئے تھے ،جس پر انہوں نے نمائندہ اوصاف سے رابطہ قائم کرکے کہا تھا کہ وہ کوشش کریں گی کہ چند گھنٹوں میں آپ کے سوالات کے جوابات مل جائے لیکن ہمیں عمومی طور پر موقف پیش کرنے کے لیے ایک دن کا وقفہ درکار ہوتا ہے ،تاہم ایک دن سے زائد وقت گزرجانے کے باوجود نائلہ خاتون کی جانب سے تاحال پی ایس او انتظامیہ کا کوئی موقف پیش نہیں کیا جاسکا

دیگر خبریں

لوڈنگ ۔۔۔