NowNews.pk | 24/7 News Network

پاکستان بھر میں لاک ڈاؤن، زندگی کا پہیہ جام

سندھ

سندھ میں لاک ڈاؤن کے دوسرے دن بھی تمام بازار، مارکیٹس، تعلیمی ادارے، عوامی اجتماعات کے مقامات بند ہیں۔ شہری گھروں تک محدود ہیں اور احتیاط کررہے ہیں۔ اہم شاہراہوں پر ناکے ہیں۔ کہیں کہیں رکاوٹیں لگا کر سڑکوں کو بند کردیا گیا ہے۔

بعض لوگوں نے صبح ہوٹل کھولے تھے جنہیں بند کرادیا گیا تاہم کھانے پینے کی دکانیں۔ کریانہ اسٹور اور پیٹرول پمپس کھلے ہیں۔ ریلوے اسٹیشن پر رینجرز نے مسافروں میں ماسک تقسیم کیے اورسینی ٹائرز سے ہاتھ صاف کرائے۔

کنٹونمنٹ کے علاقوں میں اسپرے کیا گیا بعض مقامات پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر نوجوانوں سے اٹھک بیٹھک کرائی گئی تاہم گلی محلوں میں پابندی کے باوجود بچے میدانوں میں کھیلتے نظر آئے۔

لیاقت آباد کے شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔ لیاری میں دوسرے روز بھی سڑکوں پر سناٹا ہ۔۔ ناشتہ اور ضروری اشیاء کی خریداری کے لئے لوگ گھروں سے نکلے۔

پنجاب

سندھ کے بعد پنجاب میں بھی لاک ڈاؤن کردیا گیا۔ لاک ڈاؤن آج سے چودہ روز تک رہے گا۔ سڑکوں پر سناٹا ہے، کھانے پینے کی دکانیں، میڈیکل اسٹور اور پیٹرول پمپ کھلے ہیں۔ لوگوں کے بلا ضرورت گھروں سے نکلنے اور ایک سے دوسرے شہر جانے پر پابندی ہوگی۔

تمام سرکاری و نجی دفاتر، بازار، شاپنگ سینٹرز، ٹرانسپورٹ اور عوامی مقامات بند کردیئے گئے۔ ڈبل سواری پر پابندی ہے۔ البتہ فیملیز مستثنی ہوں گی۔ ضرورت پڑنے پر ایک نجی گاڑی میں ایک شخص سفر کرسکے گا۔

ایمرجنسی میں ایک تیماردار کو مریض کے ساتھ سفر کی اجازت ہوگی۔ نماز جنازہ میں صرف قریبی عزیز شریک ہوسکیں گے۔

بلوچستان

کوئٹہ سمیت بلوچستان میں پندرہ روز کےلئے لاک ڈاؤن پرعملدرآمد شروع کردیاگیا۔ صوبے بھرمیں لاک ڈاؤن کااطلاق آج سے سات اپریل تک ہوگا۔ شہریوں کی نقل وحرکت محدود کردی گئی۔ بین الصوبائی اور انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ بھی بندہے تاہم میڈیکل اسٹورز اورایمرجنسی میں کام کرنے والے افراد پابندی سے مستثنی ہیں۔

جان لیواوائرس کے پھیلاؤ روکنے کے لئے گلگت میں بھی مکمل لاک ڈاؤن ہے۔ تجارتی مراکز بند اور سڑکوں پرسناٹا ہے تاہم پولیس اہلکار الرٹ کھڑے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کے تدارک کے لئے صوبہ بھر میں جزوی لاک ڈاون کر رکھا ہے۔ بڑے بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز اورٹرانسپورٹ بند ہیں جبکہ فارمیسی، سبزی، فروٹ، کریانہ، گوشت اور چکن کی دکانیں کھلی ہیں۔

آزاد کشمیر

مظفرآزاد اور میرپور سمیت آزاد کشمیر کے تمام اضلاع تین ہفتوں کےلئے مکمل بندکردیے گئے۔ جگہ جگہ پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ کاروباری مراکز بند تاہم میڈیکل اسٹورز کھلے ہیں۔

دیگر خبریں

لوڈنگ ۔۔۔