وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی پارٹی اب انہیں خود وطن واپس بلا رہی ہے، شرم کریں اور وطن واپس پہنچیں شہباز شریف وطن واپس نہ آئے تو مسلم لیگ ن میں مزید درارڑیں پڑیں گی۔
راولپنڈی میں دوسری ویمن یونیورسٹی میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اگر ملک میں واپس نہ آئے تو مسلم لیگ ن میں مزید درارڑیں پڑ جائیں گی۔ شہباز شریف شرم کریں اور اپنی پارٹی کی کال پر واپس وطن پہنچیں یہ کمزور اور بزدل لیڈر شپ ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی خود گیٹ نمبر چار کی پیداوار ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو جنرل ایوب خان کو ڈیڈی کہتے تھے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں عوام کو امید ہے عمران خان ہی ان کے مسائل حل کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان جلد پٹرولیم اور گیس پر اہم فیصلہ کریں گے چینی چوروں کا پتہ لگانے کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں نواز شریف نے اپنی طبیعت خرابی کے معاملے پر میڈیا کو استعمال کیا۔
تقریب میں طالبات سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پچھلے دور حکومت میں راولپنڈی میں خواتین کی پہلی یونیورسٹی بنانے پر انہیں وزارت سے استعفی دینا پڑ گیا تھا مگر اس بار وزیر اعظم اور وزیر اعلی ان کے ساتھ ہیں چاہتا ہوں کہ جب مر جاؤں تو لوگ کہیں کہ علم دوست دنیا سے چلا گیا۔